شیخ رشید

صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی’ شیخ رشید

لاہور ( عکس آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر)پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایکٹ اور آئین میں مقابلہ اور لڑائی شروع ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا اور ساتھ بیان دے دیا کہ 90 دن میں الیکشن نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سیاستدانوں یا سیاسی پارٹیوں سے ملاقات بے معنی ہے لیکن آئین ہی جیتے گا اور آئین ہی نافذ العمل ہوگا، اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے فیصلہ عدالتوں میں ہوگا، صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں 20دن انتہائی اہم ہیں، پہلے صدر نے ٹوئٹ لکھ کر بھونچال پیدا کیا اور اب الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ہلچل پیدا کر دی ہے، الیکشن کمیشن صدر کی مشاورت کو اہمیت نہیں دے گا اور صدر کی بات نہیں مانی جائے گی، اگر صدر الیکشن کی تاریخ دے دیتے ہیں تو پھر ایک نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن 90دن میں ہوتے ہیں 4مہینوں میں یا نہیں ہوتے یہ ایک اہم مسئلہ ضرور ہے لیکن سب سے اہم مسئلہ پاکستان میں اس وقت بجلی کے فی یونٹ میں مزید 5روپے 40پیسے اضافہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ لوگ آٹا، چینی اور پٹرول کے بعد بجلی کے بل دینے کے بھی قابل نہیں ہیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر نے ٹرپل سنچری مکمل کر لی ہے، معاشی، سیاسی، اقتصادی حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں، لوگوں کی سیاست پیچھے رہ گئی ہے، لوگوں کی اپنی زندگی اور بقا کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، اللہ تعالی پاکستان کے حال پر رحم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں