ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کے غیرملکی شرکاء کی ملاقات ، مختلف امورپر غور

اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کے غیرملکی شرکاء نے ملاقات کی جس میں مختلف امورپر غور کیا گیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ عالمی برادری بھارت میں بلیک مارکیٹ میں یورینیم کی غیرقانونی فروخت کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ انہوںنے کہاکہ تابکار مادہ غلط ہاتھوں میں انسانی جانوں اور اقوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اتنا اہم واقعہ نظراندازکرنا قابل افسوس ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان امریکہ کو افغانستان کے خلاف اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کو شکست دی ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ، پاکستان نے اس جنگ میں 70،000 جانیں اور 150 بلین ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا، پاکستان افغانستان میں طویل تنازع سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ صدر مملکت نے کہاکہ افغانستان میں جنگ نے پاکستان کی معیشت اور سیکورٹی کو بری طرح متاثر کیا ، پاکستان شروع سے افغان مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کا حامی رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جنگ تنازعات کا حل نہیں ہے کیونکہ اس سے انسانی اذیت اور تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے،وزیراعظم عمران خان نے کورونا میں مکمل لاک ڈاؤن نہ کرکے ہمدردانہ اور اچھا فیصلہ کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت 1.5 کروڑسے زائد خاندانوں کو غربت اور افلاس سے بچانے کے لئے ہنگامی طور پر نقد امداد فراہم کی، پاکستان درست سمت میں گامزن ، علاقائی تجارت اور معاشی انضمام کے فروغ کے لئے کام کررہاہے، پاکستان اپنی خصوصی جیو اقتصادی پوزیشن کو بروئے کار لاکر خطے کا جیو اقتصادی مرکز بننے جارہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں