فیصل واوڈا

صدر مملکت الیکشن کی تاریخ نہیں دیں گے ان پر بڑے کیسز ہیں،ابھی ان کواستثنیٰ حاصل ہے، فیصل واوڈا

کراچی(عکس آن لائن)سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے 9مئی کے واقعات پر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 164کا بیان ریکارڈ کروادیا ہے،

وہ سب چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام لگا کر الگ ہوجائیں گے،ان کے کیسز ابھی ختم نہیں ہوئے،صدر مملکت الیکشن کی تاریخ نہیں دیں گے، صدر مملکت پر بڑے کیسز ہیں، مگر ابھی انہیں استثنیٰ حاصل ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی انتخابات کی تاریخ نہیں دیں گے، صدر مملکت پر بھی توشہ خانہ اور دیگر کیسز ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عارف علوی جب تک صدر کے عہدے پر ہیں ان کو استثنیٰ حاصل ہے، عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد کیسز کا معلوم ہوگا۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت کو ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ ادویات کھاتے رہیں، صدر ادویات کھانا چھوڑ دیں گے تو طبیعت خراب ہو جائیگی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جیل میں ہونے پر سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی کمرے میں بھی قید ہو تو ذہنی مریض ہو جاتا ہے، جرائم پیشہ افراد کیلئے جیل کاٹنا آسان ہوتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے جیل کاٹنا آسان نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پھنسوانے والے ان کے مشیر ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن میں نہیں دیکھ رہا، تحریک انصاف ان کے نام پر چلتی تھی اور ووٹ پڑتے ہیں۔فیصل واوڈا نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی نرسری سے آئی ہیں، 9 مئی پر تمام افراد چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام لگا کر الگ ہوجائیں گے، یہ سب چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 164کا بیان دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے کیسز بھی ختم نہیں ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں اپنی غلطیوں سے متعلق سوچ رہے ہوں گے، مخلص لوگوں کی بات نہ سننے والے کو یہ سب بھگتنا پڑتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ جیل میں جاکر سیاستدان بنتے ہیں تو شرم آنی چاہیے، ابھی تو گھبراہت بلاول بھٹو کو بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرپٹ لیڈر شپ ملک کے حالات میں بہتری نہیں لاسکتی، خود حکومت میں رہے اور اب اولادوں کو بھی لارہے ہیں، یہ ملک کو اپنے والد کی جاگیر سمجھتے ہیں۔ملک میں مہنگائی کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عوام کا مسئلہ سیاستدان نہیں، مہنگائی ہے، ایک آدمی کا یومیہ خرچہ 650 روپے ہے، عوام بچوں کو پڑھائیں،علاج کرائیں یا کھانا کھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں