صدر علوی

صدر علوی سے عالمی ادارہ صحت کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا کی ملاقات

اسلام آباد(عکس آن لائن)صدر عارف علوی سے عالمی ادارہ صحت کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کہا ہے کہ ملک کو درپیش صحت کے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے پاکستان کا نظامِ صحت بہتر بنانے میں ڈبلیو ایچ او کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہاکہ عالمی ادارہ صحت پاکستانی عوام کی صحت بہتر بنانے کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے حکومتی اقدامات سپورٹ کرنے ، بنیادی نظامِ صحت مضبوط بنانے میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کو سراہا۔صدر ِمملکت نے گھرکی سطح پر ذہنی صحت کی اہمیت ، ابتدائی مشاورت بارے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ خاندانوں میں ذہنی تناؤ سے نمٹنے کیلئے ذہنی صحت کی ٹول کٹ کی دستیابی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ذہنی صحت پر معاونت کے نظام کے قیام ، معیاری ذہنی صحت کی خدمات تک رسائی بڑھانے کیلئے متعدد اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی معاشرے میں خصوصی افراد کے حقوق کے حوالے سے رویے میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ خصوصی افراد کے حقوق یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے بریسٹ کینسر، ذہنی صحت اور خصوصی افراد کے حقوق سمیت صحت کے مختلف مسائل پر آگاہی پیدا کرنے میں صدر مملکت اور خاتون اول کے کردار کی تعریف کی ۔صدر مملکت نے پاکستان کے شعبہ صحت کو مستحکم کرنے کیلئے ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا کے کردار اور عزم کو سراہا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں