صدر اور نگران وزیراعظم

صدر اور نگران وزیراعظم کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت

اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت اور نگران وزیراعظم سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے شاعر مشرق کے 146ویں یوم پیدائش پر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،یوم اقبال کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ برصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی ، شاعر اور سیاسی رہنما ڈاکٹر علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے،

انہوں نے کہا کہ آپ کی شاعری اردو زبان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے، آپ نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی اور ان کے اندر تحریک پیدا کی، آپ نے قوم کو خوابِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا،ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور خطبات سے قوم کی رہنمائی کی، سیاسی شعور بیدار کیا، آپ نے نوجوانوں کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا، خودی کا جذبہ اور “عقابی روح” بیدار کرنے کا سبق دیا، آپ چاہتے تھے کہ مسلمانانِ برصغیر بالخصوص نوجوان فلسفہ ِ خودی اپناتے ہوئے خود اعتمادی سمیت وہ صفات پیدا کریں جس سے وہ قوم کی تقدیر کو بدل سکیں،انہوں نے کہا کہ آپ نہ صرف جدید علوم کے حصول کے بڑے حامی تھے بلکہ نوجوانوں کو قرآن حکیم سے رشتہ جوڑنے کا بھی درس دیا،

کلامِ اقبال ہمیں پیغام دیتا ہے کہ شجاعت، حمیت، دانائی، اعلی کردار، بہترین اخلاق، عزت ِنفس، دور اندیشی اور خود اعتمادی وہ اعلی ترین انسانی صفات ہیں جو نہ صرف فرد بلکہ قوم کو بھی نئی زندگی عطا کرتی ہیں،صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا فلسفہِ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے، آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو امید کا پیغام دیا، ان میں ایک نیا جذبہ اور نئی سوچ پیدا کی، آپ نے نہ صرف امت ِمسلمہ میں اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی پیدا کرنے کا پیغام دیا بلکہ قوم کو درپیش بڑے چیلنجز کی بھی نشاندہی کی،ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام عالمگیر حیثیت کا حامل ہے،

آئیں عزم کریں کہ علامہ اقبال کے خیالات اور افکار کو مشعل ِراہ بناتے ہوئے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کام کریں گے،نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش پر پیغام میں کہاکہ آج مجھ سمیت پوری قوم شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146واں یومِ پیدائش بڑی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے نوجوانانِ برصغیر کو اپنے آباﺅ اجداد کی لازوال قربانیوں، ان کی دنیا کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات، ان کی عظمت ، ترقی پسندیت اور ندرتِ فکر کی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں