ویکسین کی تلاش

صدرٹرمپ کا کورونا وائرس کی ویکسین کی تلاش کیلئے امریکی مسلمان کا انتخاب

واشنگٹن(عکس آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کووڈ۔19 کی ویکسین تلاش کرنے کے لیے بنے ایک فاسٹ ٹریک پروگرام کی سربراہی کے لیے ایک امریکی مسلمان مونسیف محمد سلوئی کا انتخاب کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز بریفنگ میں اعلان کیا کہ آپریشن وارپ اسپیڈ کے چیف سائنس دان ڈاکٹر مونسیف محمد سلوئی ہوں گے جو عالمی سطح پر مشہور امیونولوجسٹ ہیں اور انہوں نے 14 نئی ویکسین بنانے میں مدد کی تھی۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے میں ان کے وقت کے دوران 10 سالوں میں یہ ہمارے لیے بہت ساری نئی ویکسینز ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ مراکشی امریکی امیونولوجسٹ ’ویکسین تیار کرنے کے سلسلے میں دنیا کے سب سے معزز افراد میں سے ایک ہیں۔

ڈاکٹر مونسیف محمد سلوئی مراکش کے شہر اگادیر میں 1959 میں پیدا ہوئے، وہ معروف دوا ساز کمپنی گلیکسو اسمتھ کلائن کے شعبہ ویکسین کے سربراہ رہے اور تیس سال تک اس کمپنی میں کام کیا۔ان کی بہن کا کھانسی کی وجہ سے بہت چھوٹی عمر میں ہی انتقال ہوگیا تھا۔کاسا بلانکا کے محمد پنجم ہائی اسکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ڈاکٹر مونسیف محمد سلوئی نے بیلجیئم میں حیاتیات کی تعلیم حاصل کی اور ہارورڈ میڈیکل اسکول اور ٹفٹس یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے پوسٹ گریجویٹ کورس بھی حاصل کیا۔

انہوں نے 100 سے زائد سائنسی مقالے شائع کیے ہیں اور وہ انٹرنیشنل ایڈز ویکسین انیشی ایٹو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہیں۔ڈاکٹر مونسیف محمد سلوئی نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں پروگرام متعارف کراتے ہوئے کہا کہ میں نے حال ہی میں ایک کوروناوائرس ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا ابتدائی ڈیٹا دیکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیٹا نے مجھے اور زیادہ اعتماد کا احساس دلا ہے کہ ہم 2020 کے آخر تک ویکسین کی کروڑوں خوراک بنالیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں