عمر سرفراز

شہباز گِل کی رہائی حق اور سچ کی فتح اور باطل کی ہار ہے، عمر سرفراز

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وں کی جانب سے ڈاکٹر شہباز گل کی ضمانت منظوری پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ شہباز گل کو ضمانت منظوری پر مبارکباد ہو، اس حکومت نے سیاسی انتقام کی جو بدترین داستان رقم کی ہے وہ تاریخ میں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے باعث ریلیف مل جاتا ہے ورنہ امپورٹڈ حاکم مخالفین کو تختہ دار پر لٹکانے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ اسد قیصر نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ ہائیکورٹ میں شہباز گل کی درخواست ضمانت منظور ہوگئی ہے، شہباز گل بدترین مظالم کے آگے ڈٹ کے کھڑے رہے اس پر پوری پارٹی کو ان پر فخر ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حسان خاور نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ ایک ماہ اور 6 دن بعد شہبازگِل کو رہا کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں، حکومت نے جس مقصد کے لیے شہبازگِل پر مقدمات بنائے وہ کامیاب نہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازگِل نے ظلم برداشت کیا مگر ڈٹے رہے اور یہ باور کروایا کہ کپتان کے سپاہی بدترین دبا کے باوجود بھی جھوٹ کے آگے نہ جھکنے والے ہیں نہ ڈرنے والے ہیں، بالآخر جیت انصاف کی ہوئی۔

مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ شہباز گِل کی رہائی حق اور سچ کی فتح اور باطل کی ہار ہے، ان کی رہائی کا مطلب ہے فسطائی حکومت اپنے مذموم مقاصد میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گِل سمیت پاکستان تحریکِ انصاف کا ہر کارکن اور لیڈر عمران خان کا سچا سپاہی ہے، پی ڈی ایم کے پاس کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں رہ گیا۔ عمر سرفراز نے مزید کہا کہ ن لیگی ترجمانوں کی باتیں انکی شریف خاندان کی ذہنی غلامی کا ثبوت ہیں، آئیں بائیں شائیں سرکار پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت دیکھ کر اپنے ہوش کھو بیٹھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں