جمشید اقبال چیمہ

شہباز شریف قوم کو بتائیں اسحاق ڈار ،سلمان شہباز ،علی عمران کیوں بیرون ملک فرار ہوئے؟ جمشید چیمہ

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف قوم کو بتائیں ان کے بھائی کے سمدھی اسحاق ڈار ،ان کے صاحبزادے سلمان شہباز اور داماد علی عمران کیوں بیرون ملک فرار ہوئے اور واپس کب آئیں گے؟ ، سابقہ حکمرانوں نے کرپشن او رلوٹ مار کےلئے قومی خزانے میں ہر طرف سے نقب لگا رکھی تھی ، پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ احتساب کے شکنجے کی گرفت مزید مضبوط ہونی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ احتساب سے ملک بدنام نہیں ہورہا بلکہ پتہ چلتا ہے کہ نظام نے کام کرنا شروع کردیا ہے اور اسی وجہ سے شہباز شریف اور ان کے حواریوں کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ احتساب کاعمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھے گا بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ احتساب کے شکنجے کی گرفت مزید مضبوط ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ۔حکومت نے سیوریج کے نظام کی بہتری کے لئے 13ارب روپے سے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے بھی عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں