مریم اورنگزیب

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑیوں میں لانے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہونگے’مریم اورنگزیب

لاہور(عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑیوں میں لانے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہونگے ، حکمران اپنی گھٹیا سیاست کے لئے اداروں کو استعمال کر رہے ہیں ،35 سال سے مسلم لیگ (ن)متحد تھی اور ہے،گلگت بلتستان میں دھاندلی شروع ہو گئی ہے، وہاں وفاقی وزرا ء دورے کر رہے ہیں اور وزیراعظم پیکج کا اعلان کر رہے ہیں ۔

مریم اورنگزیب نے عظمی بخاری کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سلیکٹڈ ووٹ چور کی جانب سے احتساب عدالت میں دہشت گردی کی گئی ،اس حکومت کا وزیراعظم اور وزیر داخلہ ایک ہی لہجے میں گفتگو کرتے ہیں ،ان کے زبان سے کی گئی دہشت گردی کا عملی مظاہرہ احاطہ عدالت میں کیا گیا ،صحافیوں کے گلے دبائے گئے ،لیگی کارکنوں پر بھی تشدد کیا گیا ۔

انہوںنے کہاکہ کنٹینر پر کھڑا ہو کر منتخب وزیراعظم کو گلے سے پکڑ ک گھسیٹنے کی بات کرتا تھا ،آج وزیراعظم بن کر سیاسی مخالفین کو گھسیٹنے کی بات کرتا ہے ،جج صاحب اس معاملے کا نوٹس لیں ۔اس وزیراعظم کو عوامی مسائل کا کوئی پرواہ نہیں بلکہ اسے پرواہ ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑی میں لایا جائے،وزیراعظم خود آئی جی کو حکم دیتا ہے اس بارے میں ۔

انہوںنے کہاکہ اس شہباز شریف کی بنائی ہوئی اورنج لائن اور سڑکوں کا گذشتہ ہفتے آپ نے افتتاح کیا،شہباز شریف اور حمزہ شہباز اس لئے بکتر بند گاڑی میں آئے کیونکہ وہ قانون کا احترام کرتے ہیں ،کیا بکتر بند گاڑیوں میں آنے سے عوامی مسائل حل ہو گئے ،یہ ثبوت ہے کہ ووٹ چور سلیکٹڈ کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور ان کو پسینہ آ رہا ہے ،عمران خان اس بکتر بند گاڑی کو دیکھ لیں، بہت جلد آپ اس بکتر بند گاڑی میں ہوں گے ،آپ نے جو کرنا ہے، وہ کر لیں ۔انہوںنے کہاکہ بزدل، چور، نااہل ووٹ چور سلیکٹڈ حکمران شہباز شریف کی آواز سے ڈرتا ہے ، ان کا ایک منصوبہ ایسا نہیں ہے جس پر خیبر پختونخوا میں ساڑھے 7 سالوں میں مکمل ہوا ہو ،یہ ہتھکنڈے مزید استعمال ہوں گے ۔ریاستی جبر کے باوجود میڈیا اپنا کام کر رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں کیونکہ آپ کو پتہ ہے کہ نواز شریف نے وہ نیا پاکستان بنا دیا ہے جس میں ہر کوئی آئین کی بالادستی کے لئے کھڑا ہو گیا ہے ۔

انتظامیہ نے آج جو کیا ہے، وہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے حکم پر ہوا ،اس گھٹیا، نیچ سوچ کے ہوتے ہوئے ملک ترقی نہیں کر سکتا ،ہم ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان میں دھاندلی شروع ہو گئی ہے، وہاں وفاقی وزرا ء دورے کر رہے ہیں اور وزیراعظم پیکج کا اعلان کر رہے ہیں ،مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا گھیرائو کیا ہے ،انہوں نے پہلے جلسوں میں بھی رکاوٹیں ڈالیں، لاہور کے جلسے میں رکاوٹ ڈالیں گے تو عوام کو وہ رکاوٹیں ہٹانا آتی ہیں ،یہ حکمران اپنی گھٹیا سیاست کے لئے اداروں کو استعمال کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایاز صادق کی بات کا جواب شاہ محمود قریشی کو دینا چاہیئے تھا ،ہمیں پاک فوج کی شہادتوں پر فخر ،عمران خان ان اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں اور ان کے اپنے بیانات اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ 35 سال سے مسلم لیگ (ن)متحد تھی اور ہے،عبدالقادر بلوچ کا بلوچستان کے مقامی حالات کے مطابق اپنے مسائل ہیں، انہوں نے دوسری چیزوں کا سہارا لیا جو قابل مذمت ہے اور ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔میڈیا کی عزت اور آزادی کے ہم قائل تھے اور ہیں ۔عظمی بخاری نے کہاکہ بغض اور حسد میں عمران خان پاگل ہو چکے ہیں ،مجھے میڈیا والوں سے دلی ہمدردی ہے،میڈیا نے عمران خان کو سب کچھ بنایا، میڈیا نے عمران خان کو 126 دن خالی کرسیوں سے خطاب کرتے ہوئے دکھایا،اسی میڈیا پر عمران خان نے وار کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے لئے بکتر بند گاڑی بھی ایک انعام ہے کیونکہ شہباز شریف نے عوام کی خدمت کی ،اگر پرامن کارکنوں اور میڈیا پر تشدد نہ رکا تو سڑکوں پر دما دم مست قلندر کے لئے تیار ہو جائیں ۔نواز شریف کے خطاب کے بعد حکومت کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں