پاک فضائیہ

شوبز شخصیا ت کا پاک فضائیہ کے ”آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ”کو تین سال مکمل ہونے پر پاک افواج کو خراج تحسین

لاہور (عکس آن لائن) شوبز شخصیات نے پاک فضائیہ کے ”آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ”کو تین سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ سمیت تمام افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27فروری 2019ء کا دن عسکری دنیا میں ناقابل تسخیر سرحدی دفاع کے طور پر جانا جاتاہے،پاکستان کی تاریخ کا یہ وہ سنہری باب ہے جس دن افواجِ پاکستان نے جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو دِن کے اجالے میں اپنی سرحدوں کا دِفاع کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا جس پر بھارت کودنیا کے سامنے ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔شان،فواد خان،ثناء ، جاوید شیخ، قوی خان ،مدیحہ شاہ ، ریشم ، صباء قمر ، سجل علی ،ماورا حسین ،احسن خان ، نعمان اعجاز ، ہمایوں سعید ، عدنان صدیقی ،فضاء علی ،نسیم وکی ،حسن مراد ، گوشی خان ، افتخار ٹھاکر ،سخاوت ناز ، طاہر نوشاد ، ساجن عباس ، قیصر ثناء اللہ اورظفری خان نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے 27فروری کو اپنی تابندہ اور درخشاں روایات میں ایک اور روشن باب کا اضافہ کیا،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دشمن پر فتح ونصرت عطا فرمائی ۔

ہم بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی انتہائی پسندی کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کو پھر یکجا کر دیا ۔بھارت نے جس طرح کا بزدلانہ اقدام کیا اس کے جواب میں ہماری افواج پاکستان نے بھرپور جواب دے کر واضح کر دیا ہے کہ ہماری امن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا ۔شوبزشخصیات نے کہا کہ بھارت کو اس کی جارحیت کا جواب مل گیا، اب بھی وقت ہے کہ نریندر مودی دانشمندی کی راہ اپنائے،پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کردیا ہے کہ وہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے،پاکستان اپنی خودمختاری سالمیت اور عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں