لاہور( عکس آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت،ٹیکسٹائل،صنعت وپیداوارعبدالرزاق داﺅدنے کہاہے کہ سمگلنگ نے صنعتی ترقی کو تباہ کیا تاہم موجودہ حکومت اس کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ،حکومت شرح منافع کومناسب سطح پرلانے کی پالیسی وضع کرنے کے حوالے سے کام کررہی ہے ۔
ایک انٹر ویو میں عبدا لرزاق داﺅد نے کہا کہ ماضی میں سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس سے اس سے وابستہ لوگوں کو حوصلہ ملا تاہم موجودہ حکومت اس کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے اور اس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے ۔ سمگلنگ کی روک تھام سے ملک میں ٹیکسٹائل اورصنعتی شعبے کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت شرح منافع کومناسب سطح پرلانے کی پالیسی وضع کرنے کے حوالے سے کام کررہی ہے اوراس سلسلے میں جلد اچھی خبرسننے کو ملے گی ۔