شاہین شاہ آفریدی

شاہین شاہ آفریدی کی بھارتی ٹیم کو وارننگ

لاہور ( عکس آن لائن)ابھی تک میں نے اپنی بہترین بولنگ نہیں کی‘ بھارت کے خلاف میچ سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے وارننگ جاری کردی۔

ایک انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف ہر میچ سپیشل ہوتا ہے،انڈر 16کرکٹ کھیلتا تو روایتی حریفوں کے مقابلے کا شدت سے منتظر ہوتا تھا۔

ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارت کیخلاف بولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ میرا بہتری اسپیل نہیں تھا، ابھی تو آغاز ہے،آگے بہت کچھ کر دکھانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کم عمری میں ہی تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے نئی گیند سے بولنگ کرتا ہوں تو پرستاروں کی توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں،پاکستان ٹیم کی اچھی بات ہے کہ ہر کسی کو اپنے رول کا اندازہ ہے،بولرز جانتے ہیں کہ نئی یا پرانی گیند کا کس طرح فائدہ اٹھانا ہے۔

پیسر نے کہا کہ میری اور نسیم شاہ کی کوشش ہوتی ہے کہ جلد سے جلد وکٹیں اڑائیں،حارث رؤف کی اسپیڈ ہم دونوں سے زیادہ ہے، وہ درمیانی اور آخری اوورز میں اٹیک کرتے ہیں،ہمارا آپس کا تال میل بھی اچھا ہے، ایک دوسرے سے بات اور رہنمائی بھی کرتے رہتے ہیں،اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے۔

ایشیا کپ میں تینوں پاکستانی پیسرز کارکردگی میں سرفہرست ہیں،شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا میں ہونے والے ٹیسٹ سیریز میں ہی انجرڈ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوگئے تھے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کم بیک کیا تو پھر فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے،پی ایس ایل میں واپسی کے بعد مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے اور بتدریج بھرپور ردھم میں آچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں