اسلام آباد (عکس آن لائن ) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت توانائی کے 8 جاری منصوبوں سے 4 ہزار470 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، ان منصوبوں میں تقریبا9.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے 8 پراجیکٹس پر کام جاری ہے جن سے 4,470 میگاواٹ بجلی پیدا اور 9.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے 9 منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن سے 5 ہزار320میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے اور ان میں مجموعی طور پر7.9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے تقریبا 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع ملے ہیں، جاری منصوبوں سے تقریبا15 ہزار227 نئے روزگارکے مواقع ملیں گے۔