اخوت یونیورسٹی

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا اخوت یونیورسٹی مصطفی آباد کا دورہ

مصطفی آباد/للیانی(نمائدہ عکس آن لائن) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا اخوت یونیورسٹی مصطفی آباد کا دورہ ، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ڈاکٹر امجد ثاقب، ملک شیر افگن شہزاد، ایس پی سکیورٹی سردار موارہن خان بھی ان کے ہمراہ تھے،

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرنے ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان،، ادارہ اخوت کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر امجد ثاقب،پرنسپل یونیورسٹی ملک شیر افگن شہزاد، ایس پی سکیورٹی سردار موارہن خان،اے ایس پیزودیگر کے ہمراہ اخوت یونیورسٹی مصطفی آباد کا دورہ کیا، یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے طلبہ نے مہمانوں کو یونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا اور ملک کے لئے اپنے آئندہ مستقبل اور خدمات کی منظر کشی کی ،تقریب کے آخر میں سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کو اعزازی سوینئر پیش کیا گیا،معزز مہمانوں نے یاداشتوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان اور وفد کے دیگر ارکان کے ہمراہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ،

انہوں نے اخوت بورڈنگ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی، فنی، صحت، سپورٹس اور خوراک کی اعلیٰ معیار کی سہولیات کو بے حد سراہا ،سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ اخوت یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ، اخوت اور اس جیسے دیگر فلاحی ادارے ملک بھر کے تمام صوبوں کے دوردراز علاقوں کے ہونہار بچوں کو مفت تعلیم اور رہائش کی سہولیات کے ذریعے پاکستان کا مستقبل تابناک بنا رہے ہیں،ایمان، احسان، اخلاص اور اتفاق کی اقدار قومی یگانگت کی وہ بنیادی اکائیاں ہیں جو ہمیں اخوت یونیورسٹی میں واضح طور پر نظر آتی ہیں، ہمارا مذہب، ہماری روایات اور ہماراکلچر ہمیں اگلی نسل کو بہترین تعلیم و تربیت کے لئے آئیڈیل ماحول اور آنے والی زندگی میں شاندار مستقبل کی نوید دیتا ہے ، ڈاکٹر امجد ثاقب نے وفد کو بتایاکہ ملک بھر کے ہونہار مگر غریب طلبہ کو اخوت یونیورسٹی میں مفت تعلیم اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،یہ ایک ایسا قرض حسنہ ہے جو آنیوالے مستقبل میں یہ بچے اپنے پاوں پر کھڑا ہو کر دیگر غریب بچوں کی تعلیم و تربیت کے ذریعے اتاریں گے ، انہوں نے بتایا کہ ادارہ اخوت کی تعلیمی سہولیات کا دائرہ کار پاکستان کے دیگر شہروں تک وسیع ہے ،

انہوں نے اخوت یونیورسٹی کا دورہ کر کے زیر تعلیم طلبہ کی حوصلہ افزائی پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان اور وفد کے دیگر ارکان کا شکریہ ادا کیا ،سی سی پی او لاہور غلام محمودڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخوت یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستان کا آنے والا روشن مستقبل ہیں اور یہی ہونہاربچے آگے چل کرکلیدی عہدوں پر فائز ہونگے اور زندگی کے تمام شعبوں میں ملک کی خدمت کا قومی فریضہ ادا کریں گے ،ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہاکہ ڈاکٹر امجد ثاقب اپنی فلاحی خدمات کے ذریعے ملک بھر میں علم کی شمعیں روشن کر رہے ہیں ،ملک بھر کے مختلف شہروں میں تعلیم کے میدان میں شاندار کاوشوں کی وجہ سے ڈاکٹر امجد ثاقب ہم سب کے لئے آئیڈیل ہیں ، اشفاق خان نے کہا کہ نادار بچوں کو جدید تعلیم کی مفت سہولیات کا ان کا ویژ ن پاکستان کے درخشاں مستقبل کا ضامن ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں