اسلام آباد (عکس آن لائن )ایوانِ بالا سینیٹ میں نو منتخب سینیٹرز کی تقریبِ حلف برداری کل منگل 9 اپریل کی صبح 9 بجے منعقد ہو گی، سینیٹ کی اب تک کی پارٹی پوزیشن سامنے آگئی۔سینیٹ انتخابات کے بعد سینیٹ میں ارکان کی تعداد 85 ہے، جبکہ خیبر پختون خوا کی 11 نشستوں پر سینیٹ الیکشن نہیں ہوا ہے۔
سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے سب سے زیادہ 24 ارکان ہیں، اس کے بعد پی ٹی آئی کے 19، مسلم لیگ ن کے 19، جے یو آئی کے 5، ایم کیو ایم پاکستان کے 3 ارکان ہیں۔سینیٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کی تعداد 4، اے این پی کے ارکان کی تعداد 3، آزاد ارکان 5 ہیں جبکہ بی این پی، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ق کا 1، 1 سینیٹر ہے۔کل منگل کی صبح 35 نشستوں پر منتخب سینیٹرز ایوانِ بالا کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔
نو منتخب سینیٹرز پاکستان پیپلزپارٹی کے 14، مسلم لیگ ن کے 13، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2، جے یو آئی ایف کے 2، ایم کیو ایم پاکستان، اے این پی، نیشنل پارٹی کا 1، 1 اور 3 آزاد ارکان حلف اٹھائیں گے۔اسلام آباد سے جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے رانا محمودالحسن، جبکہ اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار حلف اٹھائیں گے۔بلوچستان سے جنرل نشستوں پر جے یو آئی کے احمد خان، آزاد امیدوار انوار الحق کاکڑ، اے این پی کے ایمل ولی، نیشنل پارٹی کے جان محمد، پیپلز پارٹی کے عمر گورگیج، مسلم لیگ ن کے سیدال خان اور شاہزیب درانی حلف اٹھائیں گے۔
بلوچستان سے ٹیکنوکریٹ نشست پر پی پی کے بلال خان اور جے یو آئی کے عبدالواسع حلف اٹھائیں گے۔خواتین کی نشست پر پی پی کی حسنہ بانو اور مسلم لیگ ن کی راحت جمالی حلف اٹھائیں گی۔پنجاب سے جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے احد چیمہ، پرویز رشید، طلال چوہدری، ناصر محمود، سنی اتحاد کونسل کے حامد خان، ایم ڈبلیو ایم کے راجہ ناصر عباس، آزاد امیدوار محسن نقوی سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھائیں گے۔پنجاب سے ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک حلف اٹھائیں گے۔خواتین نشست پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمٰن اور بشریٰ انجم حلف اٹھائیں گی۔اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے خلیل طاہر حلف اٹھائیں گے۔
سندھ سے جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی کے مسرور احسن، دوست علی جیسر، اشرف جتوئی، کاظم شاہ اور ندیم بھٹو، ایم کیو ایم پاکستان کے امیر ولی الدین چشتی، آزاد امیدوار فیصل وائوڈا حلف اٹھائیں گے۔سندھ سے ٹیکنوکریٹ نشست پر پیپلز پارٹی کے ضمیر گھمرو اور سرمد علی حلف اٹھائیں گے۔خواتین نشست پر پیپلز پارٹی کی قرة العین مری اور روبینہ قائم خانی حلف اٹھائیں گی۔سینیٹ کی اقلیتی نشست پر پونجو حلف اٹھائیں گے۔الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر الیکشن ملتوی کر رکھا ہے۔