وفاقی وزیر توانائی

سینیٹ قائمہ کمیٹی پاور،کے الیکٹرک کو جتنی بجلی درکار ہو گی دیں گے،وفاقی وزیر توانائی

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر توانائی حماداظہر نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کونیشنل گرڈسے بجلی فراہم کرنے کا نیا معاہدہ ایک ماہ میں ہو جائےگا، کے الیکٹرک کو جتنی بجلی درکار ہو گی دیں گے، الیکٹرک اوروفاق کے درمیان ادائیگیوں کا تنازع حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پاورکا اجلاس ہوا ، جس میں ایم ڈی کے الیکٹرک مونس علوی نے بتایا کہ کے الیکٹرک 1780میگاواٹ اپنی بجلی پیداکر رہی ہے اور 2،3 ماہ میں مزید900میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کردیں گے۔ سیکرٹری پاور کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کونیشنل گرڈسے بھی 1100میگاواٹ بجلی دی جا رہی ہے، 2023تک کے الیکٹرک کو 2050میگاواٹ بجلی ملنا شروع ہو جائےگی، کراچی کیلئے ملک کے دیگر حصوں کے برابربجلی قیمت کیلئے بجٹ میں54ارب رکھے ہیں۔ سینیٹرفدامحمد نے کہا کہ کراچی کے عوام بجلی نہ ملنے سے پریشان ہیں، کے الیکٹرک کوبغیرکسی معاہدے کے نیشنل گرڈسے بجلی جا رہی ہے، جس پرایم ڈی کے الیکٹرک نے بتایا کہ نیشنل گرڈسے بجلی کیلئے معاہدہ جلد ہوجائے گا کام جاری ہے ۔

وفاقی وزیر توانائی حماداظہر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کوضرورت کے مطابق بجلی نہیں ملتی، کے الیکٹرک کونیشنل گرڈسے بجلی فراہم کرنے کانیا معاہدہ ایک ماہ میں ہو جائےگا۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کاسب سے بڑاشہرہے اوربجلی ضرورت بھی زیادہ ہے، کے الیکٹرک کو جتنی بجلی درکار ہو گی دیں گے، کے الیکٹرک اوروفاق کے درمیان ادائیگیوں کا تنازع حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، کے الیکٹرک کوبجلی فراہمی کامعاہدہ جلدطے پاجائےگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ادائیگیوں کے معاملات سپریم کورٹ کے جج کی ثالثی سے حل ہوں گے،چارج سنبھالتے ہی کراچی کے مسائل کوحل کرنے کی ٹھانی، کراچی والوں کواتنی بجلی نہیں مل رہی جتنی ان کو ضرورت ہے، کوشش ہے کہ کے الیکٹرک کوہم مزیداضافی بجلی دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں