اسلام آباد(عکس آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس سیکرٹری اور ڈی جی ہیلتھ کی عدم موجودگی کے باعث احتجاجا ملتوی کر دیا گیا،جبکہ کمیٹی ارکان نے چیئرمین سینیٹ کے پاس جاکر وزارت صحت حکام کے رویئے کی شکایت کر دی، جس کا چیئرمین سینیٹ نے سختی سے نوٹس لے لیا،چیئر پرسن کمیٹی سینیٹر خوش بخت شجاعت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا یہ میٹنگ نہیں ہوگی،وزارت صحت حکام کے جواب غیر اطمینان بخش ہیں،آئندہ میٹنگ میں حکام کا رویہ سنجیدہ ہوناچاہییے۔
منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر خوش بخت شجاعت کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں سیکرٹری صحت اور ڈی جی ہیلتھ شریک نہ ہوئے ، جس پر ارکان نے شدید احتجاج کیا،رکن کمیٹی سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ اجلاس میں نہ سیکرٹری ہے نہ منسٹر ہے، کمیٹی ارکان اتنی دور سے آتے ہیں، کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا،چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے ، سیکرٹری کیوں نہیں آئے،اس موقع اجلاس میں موجود تمام ارکان اٹھ کر چیئرمین سینیٹ کے دفتر میں چلے گئے اور چیئرمین سینیٹ کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر چیئرمین سینیٹ نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیا، بعد ازاں ارکان دوبارہ کمیٹی اجلاس میں آگئے ، چیئرپرسن کمیٹی نے وزارت صحت حکام کو کہا کہ آپ کا جواب غیر ذمہ دارانہ تھا ،صحت کمیٹی دوسری کمیٹیوں سے مختلف ہے، چیئرمین سینیٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے ،
یہ غلط رویہ ہے،ہم اس پر احتجاج کرتے ہوئے کمیٹی کا اجلاس منسوخ کر رہے ہیں ،جب تک کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا یہ میٹنگ نہیں ہوگی،آپ کے جواب غیر اطمینان بخش ہیں ،آئندہ میٹنگ میں آپ کا سنجیدہ رویہ چاہییے،بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر خوش بخت شجاعت نے کہا کہ کمیٹی اجلاس میں دور دراز علاقوں سے ارکان آئے تھے ، اجلاس میں منسٹر ،سیکرٹری اور ڈی جی ہیلتھ کا موجود ہونا ضروری ہے، ہم نے سوال کیا کہ ڈی جی ہیلتھ کیوں نہیں آئے تو جواب ملا کہ ڈی جی ہیلتھ کی اس ایجنڈا میں ضرورت نہیں تھی ، صحت کمیٹی میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ڈی جی ہیلتھ کی ضرورت نہیں ہے ،وہ کر کیا رہے ہیں؟،ہم نے کمیٹی اجلاس کو ملتوی کر دیا ہے اور چیئرمین سینیٹ سے شکایات کی ہے اور انہوں نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے۔