عشق مصطفےٰ

سیالکوٹ:عشق مصطفےٰ مومن کی حقیقی میراث ہے، پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی

سیالکوٹ(نمائدہ عکس آن لائن) عشق مصطفےٰ مومن کی حقیقی میراث ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں اتباع رسول کامیابی اور فلاح ونجات کا ذریعہ ہے ،حضور نبی کریم کی پوری زندگی قرآن پاک کی عملی تفسیر ہے آپﷺ سیرت مبارکہ کل عالم انساینت کے لئے مینارہ نور ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی وکا مرانی حاصل کی جاسکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارخلیفہ مجاز چورہ شریف ومرکزی ترجمان مشائخ وعلماءکونسل پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی نے منہاج القرآن علماءکونسل کے رہنماءعلامہ حافظ محمد طاہر ضیاءسے ان کے والد گرامی قاری ممتاز احمد ضیاءکے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا ۔

دعائیہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے تحریک اویسیہ پاکستان کے سینئر رہنماءقاری محمد ارشد اویسی نے کہا کہ موت ایک اٹل مسلمہ حقیقت ہے ہر جاندار چیز نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے ،دنیا کی زندگی عارضی جبکہ آخرت کی مستقل زندگی ہے ،عقلمند انسان وہی ہے جو کھائے تو اس دنیا کا مگر کام آخرت کے لئے کرئے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہﷺ نے بھٹکی ہوئی انسانےت کو صراط مستقیم پر گامزن کیا اورانسانوں کے دلوں کو اپنے (نورِمحمدیﷺ) سے روشن کیا۔محبت رسول ﷺ ہمارے ایمان کی اساس اور دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے ،

آخرت میں انسان کو اسی کے ساتھ اُٹھایا جائے گا جس سے وہ دنیا میں محبت کرتا تھا اس لئے آج موقع ہے اپنی آخرت کو سنوارنے کے لئے اپنی قلوب و اذہان کو عشق مصطفیﷺ سے منور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیک و صالح اعمال صدقہ جاریہ ہیں جن کا ثواب مرنے والے کو بعد میں بھی ملتا رہتا ہے ۔

اس موقع پر چیف کوارڈینیٹر مشائخ کونسل صاحبزادہ دلشاد منیر اویسی ،شہزادہ علی حسن قادری ،محمد اشفاق قادری و دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں