بابر اعوان

سیاسی مولانا کا اسلام آباد پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بابر اعوان

اسلام آباد (عکس آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی مولانا کا اسلام آباد پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان سے پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل عامر کیانی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورت حال، آئینی امور اور وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کی گئی۔

بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ معاشی، صنعتی، زرعی،د فاعی اعتبار سے اہم ثابت ہوا، عمران خان مسلم امہ کے اہم رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں، وہ خطے میں قیام امن کے لیے مصالحانہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی کشمیر پر پاکستانی موقف کی کھل کر حمایت خوش آئند ہے، قوم اس وقت عمران خان کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ملک سے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لینے والا 15 لاکھ افراد کہاں سے لائے گا، مولانا نے غیرآئینی اقدام اٹھایا تو ریاست حرکت میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مولوی کا مارچ غیرآئینی ہے، مولانا مدرسے کے طلبا کا مستقبل داؤ پر لگارہے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے ہمدردی نہ رکھنے والا طبقہ ملک میں افرا تفری چاہتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال حکمرانی کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ناکامی کے بعد مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں