سعید غنی

سیاسی مفادات کو حاصل کرنے کیلئے شہر کو تشدد کی آگ میں نہیں دھکیلا جاسکتا،سعید غنی

کراچی (عکس آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ کھلم کھلا سیاسی سرگرمیوں پر حملے ہورہے ہیں، سیاسی مفادات کو حاصل کرنے کیلئے شہر کو تشدد کی آگ میں نہیں دھکیلا جاسکتا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کارنر میٹنگ میں مصروف تھے، خطرہ محسوس کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا ہی گیا تھا کہ میٹنگ کے مقام پر فائرنگ کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بڑھتی مقبولیت نے ایم کیو ایم کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ایف آئی آر ابھی تک نہیں کاٹی گئی، ہمارے 3کارکن زخمی ہیں،گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی ہے ، چھوٹے چھوٹے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے،کارروائی نہیں ہوئی، چند دن بعد انتخابات ہیں، مجھے ڈر اور خوف ہے 8فروری کو شہر میں فسادات بڑھ نہ جائیں،

یہ واقعات اس شہر اور ملک کے مفاد میں نہیں ہیں، ایم کیو ایم کے لوگ ہم پر الزامات لگارہے ہیں، پیپلز پارٹی تو جیت رہی ہے وہ ایسے واقعات کیوں کرے گی؟پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ کراچی شہر کا ماضی بہت خوفناک ہے، کراچی میں امن کی بحالی کیلئے ہزاروں جوانوں کی جانیں گئی ہیں، آج ہماری نگران وزیراعلی سندھ سے بھی ملاقات ہوئی ہے، کسی شخص کو امن و امان اپنے ہاتھ میں لینے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مقدمہ درج ہوتا ہے مگر ہمارا مقدمہ درج نہیں ہوتا، اس سے پہلے بھی جوچھوٹے چھوٹے واقعات ہوئے اس پرکارروائی نہیں ہوئی۔سعیدغنی نے کہا کہ ہم قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیت سکتے ہیں، پیپلز پارٹی خود کو جیتا ہوا دیکھ رہی ہے پی پی ایسا کیوں کرے گی، کھلم کھلا شہریوں کو دوبارہ ہراساں کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں انتخابات پرامن ہوں۔

سعید غنی نے کہا کہ ناظم آباد واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیاتھا، ناظم آباد واقعے کی پہلے اطلاع ہمارے امیدوار نے دی، رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس واقعے کے بعد بھی ہم نے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، اگر اس وقت اس کی تحقیقات ہوجاتی تو ایسا واقعہ پیش نا آتا، اس پورے معاملے میں بھی پولیس کا کردارمشکوک ہے، یہ حرکتیں وہ کرتے ہیں جن کو انتخابات میں کامیابی نظر نہیں آرہی ہو، ہمارے امیدوار نے ایس ایس پی سے رینجرزبھیجنے کاکہاتھا۔

انھوں نے کہا کہ مشکلوں سے شہر کا امن بحال ہوا اور لوگ کھل کر مہم چلارہے ہیں، نگران حکومتوں، امن و امان قائم کرنے والے اداروں سے ایکشن کا مطالہ کرتا ہوں، شہر کا امن و امان خراب کرنے کا حق ہم میں کسی کو نہیں ہے، امید کرتا ہوں کہ ہماری گذارشات پرعمل درآمد ہوگا۔اس موقع پرپیپلز پارٹی کے رہنما وقارمہدی نے کہا کہ کل جو واقعہ ہوا ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، مصطفی کمال اشتعال انگیز زبان استعمال کرتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں