فردوس عاشق اعوان

سیاسی جماعتوں نے بردباری کا مظاہرہ کیا، فردوس عاشق

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے بردباری کا مظاہرہ کیا،سیاسی معاملات پر اختلاف رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے،مفاہمت کے عمل کو تقویت ملنی چاہئے ۔آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکٹ کی منظوری سے ثابت ہوگیا کہ سیاسی جماعتیں ملکی مفاد اور قومی سلامتی کو ہر چیز پر مقدم رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی ترامیم ملکی مفاد کی خاطر واپس لیں، سیاسی معاملات پر اختلافِ رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے، سیاسی جماعتوں نے حب الوطنی کا ثبوت دیا، مخالفین دیکھ لیں ضرورت پڑنے پر جماعتیں اکٹھی ہوگئیں، مفاہمت کے عمل کو تقویت ملنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم قانون سازی میں سیاسی جماعتوں نے بردباری دکھائی، قوم کی ضروریات، بنیادی مسائل اور مشکلات سے نکلانے کے لیے مفاہمت کا عمل آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے ذریعے موجودہ پارلیمنٹ سے ایسے ہی قوانین منظور کیے جاتے رہیں گے، 2020 مشکلات کے حل، مسائل کے خاتمے اور عوام کو ریلیف ملنے کا سال ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تنائو اور کھینچا تانی کی سیاست کا خاتمہ ہوتا ہے تو پاکستانی عوام کو فائدہ ہوتا ہے، ایسے موقع پر ملک میں بیرونی سرمایہ آتا ہے، سرمایہ کار خوف سے باہر نکلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو طاقتور بنائیں گے، 2020 عام آدمی کی مشکلات کے خاتمے کا سال ہے، سیاسی جماعتیں ملکی مفاد کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں