کراچی (عکس آن لائن ) سپریم کورٹ نے دو ماہ کے اندر گرین بیلٹ سے تمام تر تجازوارت ختم کرنے کا حکم د یتے ہوئے کہا ہے کہ گھر اور اسٹرکچر خود سے نہ ہٹایا گیا تو متعلقہ ادارے کو کارروائی کی ہدایت دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 میں گرین بیلٹ پر تجاوزات سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد نے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 میں گرین بیلٹ پر تجاوزات کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دو ماہ کے اندر گرین بیلٹ سے تمام تر تجازوارت ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے گرین بیلٹ پر قائم گھروں سمیت تمام تر اسٹرکچر بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ شہریوں نے گرین بیلٹ پر کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن بنانے کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے درخواستگزاروں کے گھروں سمیت ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں تنبیہ کی ہے کہ گھر اور اسٹرکچر خود سے نہ ہٹایا گیا تو متعلقہ ادارے کو کارروائی کی ہدایت دیں گے۔ عدالت نے گرین بیلٹ کیس کی سماعت دو ماہ کے لیے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شہریوں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ گرین بیلٹ کو کمرشل سرگرمی کے لیے استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے۔ عدالت نے کے ایم سی کو گرین بیلٹ کی اصل پوزیشن بحال کرنے اور کے ایم سی کو ہی گرین بیلٹ پر پارک بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔