اسلام آباد (عکس آن لا ئن)سپریم کورٹ نے نان کسٹم پیڈ گاڑی سے متعلق کیس میں (آج)بدھ کو ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس کو طلب کرلیا ۔ منگل کو سماعت کے دور ان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ بغیر تیاری کے افسران عدالت کیوں آتے ہیں ؟،گاڑی کسٹم کے پاس ہے یا ریلیز ہوگئی کسی کو پتہ ہی نہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں کسٹم کا سب سے بڑا افسر کون ہوتا ہے۔وکیل کسٹم نے کہاکہ ڈی جی کسٹم بڑا عہدہ ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ جہاں لفظ ڈی جی آجائے اس سے تو جس اللہ بچائے۔ انہوںنے کہاکہ یہ نان کسٹم گاڑیاں ملک میں آ تی کیسے ہیں، کیا کوئی گاڑیوں کو جیب میں رکھ کر لے آتا ہے۔ وکیل کسٹم نے کہاکہ عدالت جو حکم کرے گی اس پر عمل کریں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرکے احسان نہیں کریں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ آئینی طور پر سب سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں شکر گزار ہوں گا اگر آپ یا اپکے افسران سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کریں گے۔