سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعویٰ پر عمران خان کا دفاع کاحق ختم کرنے کیخلاف اپیل خارج کر دی

لاہور ( عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے وزیر اعظم شہبازشریف کے ہتک عزت دعوے میں تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کادفاع کاحق ختم کرنے کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی۔شہباز شریف کی جانب سے ان کے وکیل مصطفی رمدے نے دلائل دیئے جبکہ عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کر لیے تھے۔شہباز شریف کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عمران خان کے وکیل جواب داخل کرنے کے لئے مختلف سماعتوں پر التواء لیتے رہے، یہ کہتے ہیں کہ عمران خان کے زخمی ہونے کی وجہ سے حلف نامہ پر دستخط نہ کراسکے،

جواب داخل کرنے کی ہدایت سے حق دفاع ختم ہونے تک ٹرائل کورٹ میں 21 سماعتیں ہوئیں۔مصطفی رمدے ایڈووکیٹ نے کہا کہ 21میں سے 13سماعتوں پر عمران خان کے وکلا نے التواء لیا، یہ کہہ سکتے تھے کہ فلاں سوال کا جواب نہیں دینا چاہتے، یہ مختلف سوالات کو سکینڈلائز کہہ کر جواب دینے سے گریز کر سکتے تھے، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، اصل میں عمران خان کے پاس اب کوئی راستہ نہیں رہ گیا۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے جوابی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 23تاریخوں میں سے 10ہماری طرف سے تھیں 7مخالف فریق نے لیں۔جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ ہی لکھ کر دے دیتے کہ سوال متعلقہ نہیں ہیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم نے یہی کہا تھا کہ سوال متعلقہ نہیں ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ آپ نے ایسا نہیں کیا۔عدالت آپ کو بار بار جواب کا کہتی رہی۔اس دوران جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آپ یہی لکھ کر کہ دیتے کہ سوالات اسکینڈلائز ہیں۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدالت نے سوالات کے متعلقہ ہونے کا فیصلہ نہیں کیا۔ جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ آپ ٹرائل کورٹ کو آگاہ کرتے۔اس کے ساتھ ہی عدالت عظمی نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت دعوے میں دفاع کا حق ختم کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی، تین رکنی بینچ میں سے 2ججوں نے عمران خان کی اپیل خارج کی اور ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیدیا،

جسٹس عائشہ ملک نے فیصلے سے اختلاف کیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ ہی لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ہتک عزت کے مقدمے میں دفاع کا حق ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی تھی، اس سے قبل لاہور کی سیشن عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دائر 10 ارب روپے کے ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے اعتراضات کا بروقت جواب نہ دینے پر ان کے دفاع یا درخواست کی مخالفت کا حق ختم کر دیا تھا۔خیال رہے کہ شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف 10 ارب ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے، عمران خان نے شہباز شریف پر پانامہ کے معاملے پر رشوت کی افر کا الزام لگایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں