سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے الزام میں برطرف ایس ایچ او وہاڑی کو بحال کر دیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے الزام میں برطرف ایس ایچ او وہاڑی کو بحال کر تے ہوئے سروس ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل خارج کر دی۔ منگل کو ہونے والی سماعت کے دور ان وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ ایس ایچ او نے منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کیا، 1120 گرام چرس بھی برآمد ہوئی۔ وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ گرفتار ملزم سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا تقاضا بھی کیا گیا۔

وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ ملزمان بے گناہ نکلے، انکوائری کے بعد ایس ایچ او برطرف ہوا۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ تاثر ہے کہ پنجاب پولیس بنیادی حقوق کو کوئی اہمیت نہیں دیتی۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ ایس ایچ او پر اتنا سنگین الزام تھا تو ڈی پی او کیخلاف کاررروائی کیوں نہیں ہوئی؟

ایس ایچ او پر اتنا سنگین الزام تھا تو اسکے سینئر افسران کو کیسے چھوڑ دیا گیا؟ ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ انکوائری ڈی ایس پی سے کروائی گئی جو ایس ایچ او سے اگلے رینک کا افسر ہے، ڈی ایس پی ملوث تھا یا اسکی نااہلی ثابت ہوتی، دونوں صورتوں میں اس نے خود کو بچانا تھا۔عدالت نے سروس ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل خارج کر دی۔

سروس ٹربیونل نے ایس ایچ او وہاڑی اعجاز مبشر کی برطرفی ختم کرتے ہوئے بحال کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں