سوڈان

سوڈان میں فوجی بغاوت مخالف مظاہرے،فورسز کی فائرنگ سے سات افرادہلاک

خرطوم (عکس آن لائن)فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کر کے سات افراد کو ہلاک کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ملک میں عبوری سویلین حکومت کی بحالی کے لیے امریکی سفارت کاروں کی آمد سے پہلے پیش آیا۔گزشتہ برس ملک میں ہونے والی فوجی بغاوت کے خلاف دارالحکومت خرطوم میں ہزاروں افراد نے فوج کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین جب صدارتی محل کی طرف جا رہے تھے تو سیکورٹی فورسز نے ان پر آنسو گیس کے شیل داغے اور فائرنگ کی۔سینٹرل کمیٹی آف سوڈان ڈاکٹرز(سی سی ایس ڈی)نامی ایک ایڈوکیسی گروپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے اپنے بیان میں کہاکہ بغاوت کے خلاف پرامن مظاہرے کے دوران سیکورٹی فورسز نے گولیاں چلائیں جس میں سات سویلین مارے گئے۔

ان ہلاکتوں کے ساتھ ہی اکتوبرمیں ہونے والی بغاوت کے بعد سے اب تک 71 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ایک کارکن ناظم سراج کی طرف سے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرد و خواتین اور بچے خرطوم کی سڑکوں پر پرامن مارچ کر رہے ہیں۔ مظاہرین ہاتھوں میں پرچم لیے ہوئے تھے اور نعرے لگا رہے تھے۔سراج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت میں کئی مقامات پر مظاہرین پر فائرنگ کی۔ ان میں صدارتی محل کی طرف جانے والے مارچ کے مظاہرین شامل ہیں۔مختلف آن لائن پلیٹ فارم پر گردش کرنے والے دیگر ویڈیوز میں نوجوانوں کو پتھراو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں