وزیراعظم شہباز شریف

سوڈان سے تمام پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی تک بھرپور جذبے سے کام جاری رکھا جائے ، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سوڈان سے پاکستانیوں کے بحفاظت انخلا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی تک بھرپور جذبے سے کام جاری رکھا جائے ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستانیوں کی سوڈان سے بحفاظت وطن واپسی پر اظہار تشکر کیا اور پاکستانیوں کی واپسی کے آپریشن میں شریک آئی ایس آئی سمیت تمام فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

وزیراعظم نے 847 پاکستانیوں کے بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچنے پر اطمینان کااظہار کیا اور 107 پاکستانیوں کے جدہ پہنچنے پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے جدہ میں سرکاری رہائش اور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے پاک فضائیہ کے انتظامات کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو، وزیرمملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور سیکرٹری وزارت خارجہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔

وزیراعظم نے سوڈان میں پاکستانی سفیر، میر بہروز ریگی، ہیڈآف چانسری محمد سعید، ڈیفنس اتاشی کرنل محمد ہارون، کمرشل اتاشی عطااللہ کی بھی خراج تحسین کیا۔ وزیراعظم نے سوڈان میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے محمد بلال شفیق اور راشد خان کو بھی خصوصی شاباش دی۔ وزیراعظم نے ٹیم کو ہدایت کی کہ سوڈان سے تمام پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی تک بھرپور جذبے سے کام جاری رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں