سعودی وزیر خارجہ

سوڈانی فریقین کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدہ، مزید اقدامات ہونگے،سعودی عرب

خرطوم (عکس آن لائن)سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جدہ میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان ابتدائی اصولی معاہدے پر دستخط کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ یہ معاہدہ پہلا قدم ہے جس کے بعد دیگر اقدامات کیے جائیں گے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر ایک مختصر بیان میں واضح کیا کہ جدہ میں سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سب سے اہم نکتہ اس بات کی پاسداری ہے جس پر اتفاق کیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب سوڈان میں امن اور استحکام کی بحالی تک کام کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا ہم انسانی ہمدردی کی کارروائی میں سہولت فراہم کریں گے۔ سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ معاہدے پر دستخط کرنے والے دونوں فریقوں نے انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے، شہریوں کی ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے اور فوج کے انخلا پر رضامندی کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قانون کی پاسداری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ساتھ ہی ہسپتالوں اور کلینکس سے فورسز کے نکلنے اور میتوں کو احترام کے ساتھ دفنانے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ دستخط کے بعد جدہ مذاکرات ان سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے دس دن تک کی مدت کے لیے موثر جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔بعد ازاں متعلقہ فریقین سوڈانی شہریوں اور علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دشمنی کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات کے لیے مجوزہ انتظامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں