سورج مکھی

سورج مکھی کی فصل سے زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے بروقت آبپاشی کی جائے۔ محکمہ زراعت

ملتان (عکس آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ سورج مکھی کی فصل خوردنی تیل کی ملکی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے اس کے بیج میں اعلیٰ قسم کا چالیس فیصد سے زیادہ خوردنی تیل پایا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت بالخصوص امراض قلب سے بچاؤ کے لیے نہایت مفید ہے۔ اس کے علاوہ سب سے زیادہ اہم بات کہ یہ فصل 110سے 130دنوں میں پک کر تیار بھی ہوجاتی ہے۔

سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے بروقت آبپاشی کی جائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی آبپاشی پر توجہ نہیں دیتے جس سے فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔ سورج مکھی کی بہاریہ فصل کو عام طور پر 5 آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سورج مکھی کو دوسرا پانی پہلے پانی کے تقریباً 20 دن بعد، تیسرا پانی پھول نکلتے وقت، چوتھا پانی بیج بننے کے عمل کے دوران اور آخری پانی بیجوں کی دودھیا حالت یا بیجوں کی بڑھوتری کے دوران لگانا چاہیے۔ سورج مکھی کی فصل کو اس کی کل ضرورت کا 20 سے 25 فیصد پانی فصل اْگنے سے لے کر ایک ماہ کے دوران لگانا چاہیے۔

فصل کو سوکا لگ جائے تو بیج کی پیداوار میں 40 فیصد سے زیادہ کمی ہوجاتی ہے اس کمی کی وجہ یہ ہے کہ ایک طرف تو عمل زیرگی متاثر ہوتا ہے جس سے پھول کے مرکز میں بیج نہیں بنتے اورجو بیج بنتے ہیں ان کی جسامت بہت چھوٹی ہوتی ہے اور وہ بیج اندر سے خالی ہوتے ہیں۔ اگر اپر یل میں موسم گرم ہو جائے تو فصل کو پانی دینے کا دورانیہ کم مگر پانی زیادہ مرتبہ لگانا چاہیے کیونکہ شدید موسم میں آبپاشی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔

بروقت آبپاشی کرنے سے بیج صحت مند اور زیادہ بنتا ہے جس سے پیداوارمیں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر زیادہ گرمی ہو تو بہاریہ سورج مکھی کو پھول نکلتے وقت پانی کا وقفہ کم کر دیناچاہیے ورنہ عمل زیرگی متاثرہونے کی وجہ سے پھول کا کچھ حصہ بیج بننے سے محروم رہ جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں