سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ کی پولیس کو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت

کراچی(عکس آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کروانے کے بعد رپورٹ پیش کی جائے۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں خاتون سمیت 5 لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت نے پولیس کو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔سندھ حکومت اور پولیس نے عدالت سے پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔

عدالتِ عالیہ نے سندھ حکومت اور پولیس کو 6 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹس پیش کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ نے شہری محمد بلال کی بازیابی کی درخواست عدم پیروی پر مسترد کر دی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ 4 افراد حراست میں لیے جانے کے بعد لاپتہ ہو گئے، لاپتہ ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے شہریوں کو درخشاں اور حیدری مارکیٹ کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں