سندھ حکومت کی تاجروں کوکل سے شام 5 بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت

کراچی(عکس آن لائن ) سندھ حکومت نے کل پیر سے تاجروں کو دن میں 11 گھنٹے دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی، دکانوں کے اندر اور گاہکوں میں تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا،دکاندار 4 بجے سے دکان بند کرنا شروع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کیا، تاجروں اور سندھ حکومت کے درمیان اہم بیٹھک سندھ اسمبلی میں ہوئی۔ترجمان کے مطابق تاجروں سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، کیسز انتہا پر جا رہے ہیں، ہمارے لاک ڈاون سے فائدہ ہوا ہے، ہم وفاقی حکومت سے وقت وفتاً بات کرتے رہے، میں نے پبلک ٹرانسپوٹ اور ایئر پورٹ کھولنے پر اعتراض کیا تھا، وفاقی حکومت رات کو کاروبار کھولنا چاہتی تھی جس پر ہم نے اعتراض کیا،

وفاقی حکومت نے ہماری بات تسلیم کی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کاروبار بند رکھنے سے متعلق فیصلہ چاروں صوبوں اور وفاق کا متفقہ تھا، یہ مشکل فیصلہ کرتے ہوئے ہمارا بھی دل د±کھا، اب واپس کاروبار کھولنے والا فیصلہ بھی انتہائی مشکل ہے، میں نے وفاقی حکومت سے بھی بات کی ہے، کاروباری لوگ شدید مشکل میں ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ چھوٹے تاجروں کو قرضے دلوائیں۔

ترجمان وزیراعلی سندھ سیکریٹری داخلہ نے تاجروں کو بتایا کہ کون سے کاروبار کھلیں گے اور ایس او پیز کیا ہوں گی جس میں بتایا گیا کہ دکانوں کے اندر اور گاہکوں میں تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔دوسری جانب تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے وزیراعلی سندھ کے اقدامات اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جان ہے تو مال ہے، اس وائرس کی ایس او پیز پر ہمیں عمل کرنا ہوگا، ہمیں ہر شخص تک ایس او پیز پہنچانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں