پرویز اشرف

سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا موجودہ پارلیمنٹ کی اولین ترجیح ہے،اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (عکس آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی محنت اور لگن سے کام کرنے کو سراہتے ہیں ،بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس نے وزیر برائے افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری کی قیادت میں منگل کے روز اسلام میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک کام کرنے کے لیے مواقعے فراہم کرنے سے نہ صرف میزبان ممالک کے لیے فاہدہ ہو گا بلکہ وہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا سکیں گے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہنر سیکھنے کے مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کہ نوجوان بیرونی ممالک میں موزوں ملازمتیں تلاش کر سکیں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا موجودہ پارلیمنٹ کی ترجیح ہے

۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے زر مبادلہ سے ملک میں معاشی استحکام لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ساجد حسین طوری نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی تاثرات اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء کو ہنرمند افرادی قوت کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے وفد میں شوکت موسیلانی، ڈاکٹر محمد شہباز چوہدری، رانا افتخار اور محمد ندیم احمد شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں