عطا تارڑ

سعودیہ کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی آئی’ عطا تارڑ

لاہور( عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی آئی، ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، نجکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اپنے حلقہ انتخاب میں عید کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں کم عمر ترین وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہے، وزیراعظم کے ہمراہ پہلے غیر ملکی دورہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کی، اللہ تعالی نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کرنے کی سعادت عطا ء کی، مسجد نبویۖ میں تراویح اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے کا موقع ملا، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کے روزمرہ کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نظام کی بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے، ہمیں پارٹی نے ہمیشہ عزت دی ہے، تمام کارکنوں نے مل کر حلقہ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے، سعودی عرب کے ولی عہد نے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ،سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے، سعودی میڈیا نے وزیراعظم کے دورے کو خصوصی کوریج دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرضہ نہیں تجارت چاہیے ،پاکستان کی قیادت نے امداد کی بجائے سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے کارکنوں کے لئے کھلے ہیں، کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں