ممبئی (عکس آن لائن)بھارتی فلم انڈسٹری میں اقرباء پروری پر آواز بلند کرنے والی نڈر اداکارہ کنگنا رناوت نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کی وجہ فلم انڈسٹری میں ہونے والی اقرباء پروری کو قرار دے دیا۔
گزشتہ روز 34 سالہ اداکار سشانت سنگ راجپوت نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خود کشی کرلی تھی جب کہ ان کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ ڈپریشن کا علاج کرارہے تھے۔سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بھارت میں ڈپریشن پر ایک نئی بحث چھڑگئی ہے جب کہ پولیس اداکار کی خودکشی کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کررہی ہے۔سشانت کی خودکشی کے حوالے سے اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ سشانت کی موت نے ہم سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، لیکن کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ جن کا دماغ کمزور ہوتا ہے وہ ڈپریشن میں آکر خودکشی کرلیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سشانت سنگھ پوزیشن ہولڈر تھے اور اسکالر شپ بھی لی تھی تو ان کا دماغ کیسے کمزور ہوسکتا ہے۔
کنگنا کا مزید کہنا تھا کہ سشانت اپنی آخری پوسٹوں اور انٹرویوز میں لوگوں کو کہہ رہے تھے کہ میری فلمیں دیکھو، میرا کوئی گاڈ فادر نہیں ہے، مجھے انڈسٹری سے نکال دیا جائے گا اور انڈسٹری مجھے اپنا ہی نہیں رہی۔انڈسٹری کے رویے پر کنگنا نے مزید کہا کہ آنجہانی اداکار کو ڈیبیو فلم پر بھی کوئی ایوارڈ نہیں دیا گیا، ’کیدرناتھ‘، ’دھونی‘ اور ’چھچھوڑے‘ جیسی فلموں پر بھی نہیں سراہا گیا بلکہ ’گلی بوائے‘ جیسی واہیات فلم کو سارے ایوارڈ مل جاتے ہیں لیکن ’چھچھوڑے‘ جیسی بہترین فلم کو کوئی ایوارڈ نہیں ملتا۔