اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ں کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کے گراؤنڈز
کو عوام کے لئے کھولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ بچوں کا تحفظ اولین تقاضا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی
کے اجلاس میں علی نواز اعوان اور راجہ خرم شہزاد نواز کے اسلام آباد کے سکولوں کے میدانوں کو عوام کے
لئے کھولنے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے کہا کہ
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی پالیسی کے مطابق ہم سرکاری سکولوں کے گراؤنڈز کو عوام کے لئے
نہیں کھول سکتے۔ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں واک اور ایکسرسائز کے لئے مقامات موجود ہیں۔
سرکاری سکولوں کے گراؤنڈز کو نہیں کھول سکتے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری املاک مفاد
عامہ کے لئے استعمال ہو سکتی ہے تو ایسا ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ دنیا میں
کہیں بھی سکولوں کے اندر باہر کے لوگوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوتی کیونکہ وہاں بچے اپنی حفاظت
خود نہیں کر سکتے۔ ہمارے سکولوں پر حملے ہوئے ہیں۔ پشاور میں اتنا بڑا واقعہ ہوا۔ سوال ہی
نہیں پیدا ہوتا کہ اس کی اجازت دی جائے۔