سانگلاہل

سانگلاہل: اسسٹنٹ کمشنر سارا لونی کی سربراہی میں چک نمبر40ہمراجپورہ میں ناجائز تعمیرات کےخلاف گرینڈ آپریشن

سانگلاہل(نمائندہ عکس آن لائن)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمدکی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سارا لونی کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی کے عملہ نے بھاری مشینری اور پولیس نفری کے ساتھ نواحی چک نمبر40ہمراجپورہ میں ناجائز تعمیرات کرنے والے قبضہ گروپوں کےخلاف گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران ناجائز تجاوزات کو گراکر قبضہ کی گئی تقریباً 12 کنال سرکاری اراضی قبضہ گروپوں سے واگزار کروائی گئی،قبضہ گروپوں سے واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی کی قیمت 10کروڑ روپے کی مالیت بنتی ہے ،

سرکاری اراضی پر قبضہ گروپوں کی طرف سے تعمیر کیے گئے ایک عدد پولٹری فارم اور ایک عدد فارم ہاﺅس کی عمارتوں کو مسمار کرکے سرکاری اراضی کو واگزار کروالیا گیا ،دوران آپریشن عملہ کو دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے کی پاداش میں اسسٹنٹ کمشنر سارا لونی سے تھانہ صدر میں عظیم دستگیر کیخلاف مقدمہ درج کرادیا،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ زیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سرکاری زمینوں پر قبضہ گروپوں کےخلاف آپریشن جاری ہے، ضلع بھر کی تمام میونسپل کمیٹیوں سمیت اسسٹنٹ کمشنرز اورتحصیل کونسلوں کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر ناجائز تجاوزات اورغیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،

ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے مزید بتایاکہ ضلع بھر میںابتک ناجائز قبضہ گروپوں سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ہے، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز اورتمام متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر اپنی تحصیل میں سرکاری زمین پر ناجائز قابضین کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں بارے آگاہ کریںتاکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے،انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اس قومی فریضے کو ادا کریں اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کو کیفرکردار تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں