لاہور(عکس آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ جڑانوالہ کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے ڈاکٹر بشپ آزاد کی سانحہ جڑانوالہ کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور درخواست پر سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سانحہ جڑانوالہ کی جوڈیشل انکوائری کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں حقائق سامنے لانے اور واقعے کی صاف و شفاف تحقیات کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 16اگست کو پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزامات کے بعد ہونے والے نقص امن کے واقعات پر دہشت گردی اور جلا گھیرا کی دفعات کے تحت 5 مقدمات درج کیے گئے تھے۔
مساجد سے اعلانات کرکے عوام کو اقلیتی عبادت گاہوں پر حملہ کرنے کے لیے اشتعال دلانے والے ملزم سمیت 128 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔