لاہور(نمائندہ عکس)سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حکومت مخالف بیانات قابل افسوس ہیں،وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی نے چوہدری محمد سرور کو گورنر تعینات کر کے انکی عزت افزائی کی،
پریس کانفرنس سے چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی کے لاکھوں ووٹرز کا دل دکھایا ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ گزشتہ تین ماہ سے چوہدری سرور مختلف حکومتی ارکان اسمبلی کو ن لیگ سے ملکر چلنے کر مشورے دے رہے تھے۔وزیراعظم عمران خان کے چھکے نے پنجاب کی سیاسی صورتحال یکسر تبدیل کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اکثریت اب واپس آنے کے لیے پر تول رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 6 اپریل کو چوہدری پرویز الہی واضح اکثریت سے وزیرِ اعلی پنجاب منتخب ہوں گے۔
وہ دن آنے والے ہیں جب شہباز شریف شریف ایمبولینس اور آصف زرداری ویل چیئر کا ٹوپی ڈرامہ دوبارہ شروع کریں گے۔ حکومت کو الیکشن کے طعنے دینے والے اب الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ قوم یونائیٹڈ سٹوجز الائنس کی ذلت، رسوائی اور جگ ہنسائی دیکھ رہی ہے ۔