کراچی(عکس آن لائن)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم سید مصطفی کمال کے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ بانی ایم کیو ایم کولانے کا بھی اعلان کریں، خالد مقبول صدیقی 13سال بعد پاکستان واپس آئے ، خالد مقبول صدیقی نے بھارت جاکر پاکستان کا پاسپورٹ پھاڑاتھا،را ایجنٹ بتا رہے ہیں کہ بھارت ہمیں خالد مقبول صدیقی لے کر گئے،حکومت اور ریاست نے خود ایم کیو ایم اور را کے باقیات کو زندہ رکھا ہوا ہے،نظریہ ضرورت کے تحت ایم کیو ایم پاکستان بنائی گئی،نام، جھنڈا، پتنگ کا نشان بانی ایم کیوایم کا دیا ہوا ہے،ایم کیوایم ابھی تک برقرار ہے اور اپنے مقصد پر کام کر رہی ہے،بانی ایم کیوایم کے بنائے ہوئے پرچم کو آج ایم کیوایم پاکستان نے اٹھایا ہوا ہے۔
پی ایس پی کے مرکز پاکستان ہائوس میں پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی، ارشدوہرا،شبیرقائم خانی سمیت دیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیدمصطفی کمال نے کہا کہ کہا کہ ایم کیو ایم کے را کیساتھ تعلقات سے متعلق ساڑھے 4 سال پہلے قوم کو آگاہ کیا تھا، ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز را کے پیسوں سے بنا ہے۔
آج پہلی بار میڈیاسے درخواست کررہا ہوں کہ میری بات تمام چینلز پوری قوم کو سنائیں۔چند روز قبل وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کی۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی پر تفصیلی پریس کانفرنس کی گئی اوربتایا گیا کہ کس طرح بھارت اور را پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کی دہشت گردی کا ذکر آیا۔آج ساڑھے چار سال بعد حکومت اور ریاست نے میری باتیں دہرائی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ ساری باتیں ہم 3 مارچ 2016 کو بتا دی تھیں۔انہوں نے کہا کہ 22 اگست 2016 کوایم کیوایم ختم ہوگئی تھی، نظریہ ضرورت کے تحت ایم کیو ایم پاکستان بنائی گئی۔ ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان ایک ہی ہیں، بانی ایم کیو ایم براہ راست تقریر نہیں کرسکتے تو فیس بک پر لائیو تقریر کررہے ہیں، ایم کیوایم کے نام، جھنڈے اورنشان کی موجودگی ملک کیلئے سنگین خطرہ ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی بھر سے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ ملا، مایوسی پر آج کراچی کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے بنائے پرچم کو آج ایم کیو ایم پاکستان نے اٹھایا ہوا ہے، نام، جھنڈا، پتنگ کا نشان بانی ایم کیو ایم کا دیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایم کیوایم کا نام سن کر خالد مقبول اور عامر خان کی یاد نہیں آتی، ایم کیوایم کا نام سن کر لوگوں کو بانی ایم کیوایم یاد آتا ہے، حکومت خود بانی ایم کیوایم کو بھولنے نہیں دے رہی۔مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا سربراہ کون ہے؟
ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالدمقبول صدیقی ہیں۔خالد مقبول صدیقی 2000میں بانی ایم کیوایم کی ہدایت پر بھارت گئے۔مصطفی کمال نے انکشاف کیا کہ خالد مقبول نے را کیساتھ بیٹھ کر پاکستان کیخلاف بات کی اور پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا، را نے خالد مقبول کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کیا جس پر وہ امریکا گئے۔انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکی حکام نے خالد مقبول کو گرفتارکیا اور وہ ضمانت پر باہر آئے، کئی برس امریکہ میں رہنے کے باوجود امریکی شہریت نہیں ملی۔خالد مقبول 13 سال بعد پاکستان آکر ایم این اے اور وفاقی وزیر بن گئے۔چیئرمین پی ایس پی نے کہاکہ چند ماہ پہلے خالد مقبول کا دوست شاہد متحدہ پکڑا گیا۔شاہد متحدہ نے بتایا کہ خالد مقبول صدیقی ہمیں بھارت لے گئے۔مصطفی کمال نے بتایا کہ چند ماہ پہلے کراچی سے را کے سلیپر سیل کے لوگوں کو گرفتارکیا گیا، اب راسے ملکر آنے والے کو ایم کیو ایم پاکستان کا لیڈر بنادیا جاتا ہے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ابھی تک برقرار ہے اور اپنے مقصد پر کام کررہی ہے، پاکستان سے گرفتارراکے ایجنٹ بول رہے ہیں کہ وہ خالد مقبول کیساتھ بھارت گئے ہیں، لوگوں کوراسے ملوانے والے پاکستان کی کابینہ کا حصہ تھے۔انہوں نے کہا کہ خالد مقبول کوگرفتار نہ کریں لیکن اعتراف توکرائیں، ہم نے اعتراف کیا یہ بھی کریں۔مصطفی کمال نے کہا کہ میری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، ایم کیوایم پاکستان بنا کر بانی ایم کیوایم کو محفوظ کیا گیا، خالد مقبول کوشوق تھا تو سچ بتاتے اور اپنے نام سے سیاست کرتے۔انہوں نے کہا کہ 22 اگست 2016 کو ایم کیو ایم ختم ہوگئی تھی، گذشتہ عام انتخابات میں مہاجروں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی سے کوئی انتشار نہیں آئے گا، دہشتگرد بتارہے ہیں کہ ہمیں خالدمقبول صدیقی بھارت لے کر گئے، ملزمان نے جہاں جہاں اسلحہ چھپایا ان میں ڈاکٹرخالد مقبول کاگھر بھی تھا۔
مصطفی کمال نے بتایا کہ جن لڑکوں کو خالد مقبول بھارت لیکر گئے آج ان کی فیملی سے ملنے کو تیار نہیں۔سید مصطفی کمال نے کہاکہ ایک طرف را کے ثبوت دئیے جارہے ہیں۔دوسری طرف را کے ایجنٹ کو پارٹی بنا کر دے رکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ میری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے،مجھے یہ باتیں پہلے بھی معلوم تھیں۔میں نے آج تک خالد مقبول صدیقی کے بارے میں یہ باتیں نہیں بتائیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کا جھنڈا اٹھا کر الطاف حسین کو زندہ رکھا ہوا ہے الطاف حسین کا جھنڈا نشان محفوظ کررکھا ہے۔ایم کیو ایم کا موجود ہونا سب سے بڑا خطرہ ہے۔مصطفی کمال نے کہاکہ لندن اور پاکستان میں را کے پیسوں سے پراپرٹی خریدی گئیں۔خالد مقبول صدیقی کا رائٹ ہینڈ 18 سال سے بھارت میں مقیم ہے۔خالد مقبول صدیقی کا لیفٹ ہینڈ کینیڈا میں مقیم ہے۔