آکاش چوپڑا

سابق بھارتی بلے باز آکاش چوپڑا نے آفریدی کو بہترین ٹی ٹونٹی آل راؤنڈر قراردیدیا

لاہور(عکس آن لائن)سابق بھارتی بلے باز آکاش چوپڑا نے حال ہی میں ختم ہونے والی دہائی کے بہترین ٹی ٹونٹی آل رانڈر کے طور پر سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو منتخب کرنے کے اپنے انتخاب کا دفاع کیا ہے۔سال2019کے اختتام پر آکاش چوپڑا جنہوں نے مبصر کی حیثیت سے اپنا نام بنانے سے پہلے ہندوستان کے لئے صرف 10 ٹیسٹ کھیلے تھے ، نے آفریدی کو پچھلے 10 سالوں کے بہترین ٹی ٹونٹی آل راونڈر کے طور پر منتخب کیا تھا۔

ہندوستانی شائقین نے یہ الزام لگایا کہ انہوں نے پاکستانی مداحوں کی محبت کمانے کے لیے آفریدی کا انتخاب لیا ہے ۔دس ٹیسٹ کھیلنے والے 42سالہ بھارتی بیٹسمین نے برملا جواب دیا کہ شاہد آفریدی کے ریکارڈز اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔شاہد آفریدی نے اپنے99ٹی ٹونٹی میچز کے انٹر نیشنل کیریئر میں 17.92کی اوسط سے1416رنز سکور کیے تھے،انہوں نے یہ رنز150سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے تھے،39سالہ لیگ سپنر نے98ٹی ٹونٹی شکار بھی کیے اور 2009کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا جو پاکستان نے جیتا تھا۔آکاش چوپڑا نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو گزشتہ دہائی کا بہترین بلے باز،سر ی لنکا کے لاستھ مالنگا کو بہترین فاسٹ بالر اور برطانیہ کے جوز بٹلر کو بہترین وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر منتخب کیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں