اسلام آ باد (عکس آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ایس او غیر قانونی تقرری کیس میں شاہد خاقان عباسی کی 27 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیب کی جانب سے کراچی کی احتساب عدالت میں دائر پی ایس او ایم ڈی تقرری ریفرنس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔عدالت نے سابق وزیر اعظم سے استفسار کیا کہ آپ کو پہلے بھی حفاظتی ضمانت دی گئی تھی جس پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے وہ کراچی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تاہم ان کے وکیل تین بار پیش ہو چکے ہیں مگر احتساب عدالت نے وارنٹ گرفتاری پر ابھی حکم امتناعی نہیں دیا۔
جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ستائیس مئی تک شاہد خاقان عباسی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔واضح رہے احتساب عدالت کراچی نے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کورونا وائرس کے حوالے سے وزیراعظم کی کوئی حکمت عملی نہیں، شرح اموات بڑھ رہی ہے، ایسے میں لاک ڈاو¿ن میں نرمی کیسی کی جاسکتی ہے۔