زیادہ کھانا

زیادہ کھانا بیماریوں کا باعث بنتا ہے، ماہرین صحت

اسلام آباد(عکس آن لائن)ماہرین صحت نے زیادہ کھانے کو ایک بیماری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ کھانا بسیار خوری انسانی صحت کیلئے متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے، اس سے جان چھڑانا صحت مند زندگی کیلئے نہایت ضروری ہے۔ معروف امریکی جریدے ہیلتھ اینڈ فٹنس کی رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین نے کہا ہے کہ جیسے ایک گاڑی کو چلانے کیلئے پیٹرول کی ضرورت ہوتی ہے ویسے ہی انسانی جسم و دماغ کیلئے غذا کا استعمال بھی بہت ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق لمبی عمر اور صحت مند زندگی کیلئے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ کونسی غذا کتنی مقدار میں اور کتنی بار روزانہ کی بنیاد پر لی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ کھانے سے حاصل ہونے والی اضافی کیلوریز انسانی جسم میں چربی بن کر محفوظ ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے انسان موٹاپے کے ساتھ ساتھ ذہنی بیماری کا شکار بھی ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ موٹاپا، ذیابیطس، کولیسٹرول کی زیادتی، جوڑوں اور پٹھوں کے درد کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ کھانا کھانے سے بچنے کیلئے غذا کو آہستہ آہستہ کھانا چاہئے اور کھانے کے دوران صرف غذا پر توجہ ہونی چاہئے، موبائل فون اور ٹی وی کا استعمال بالکل نہیں کرنا چاہئے۔ مزید برآں بھوک محسوس کرتے وقت خود پر کنٹرول کریں تاکہ آہستہ آہستہ پیٹ خالی رہنے کی عادت ممکن ہو سکے۔ ماہرین صحت نے بسیار خوری کی عادت سے چھٹکارہ کیلئے خود کو مصروف رکھنے کی کوشش پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسیار خوری کے شکار افراد فارغ وقت میں کھانے کی بجائے چہل قدمی کے ساتھ ساتھ ورزش ضرور کریں۔ مشروبات، کولڈ ڈرنکس اور میٹھے سے دور رہیں۔ پھلوں اور کچی سبزیوں کا استعمال لازمی کریں، سبزیوں اور غذا کو خوب چبا چبا کر کھائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں