فیصل آباد (عکس آن لائن)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے تمباکو کی پنیری کھیت میں منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تمباکو کے کاشتکار فور ی طور پر پنیری کھیت میں منتقل کرناشروع کردیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ کاشتکار تمباکو کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے بھاری میرا اور ذرخیز زمین کااستعمال کرسکتے ہیں تاہم اس میں بہتر نکاس ہونا بھی اشد ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ تمباکو کی پنیری اکھاڑنے سے کم ازکم 6سے 8گھنٹے قبل اچھی طرح آبپاشی کرلیں اور پنیری کو صبح یا شام کے اوقات میں کھیتوں میں منتقل کریں۔ انہوں نے بتایاکہ پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے کیلئے وٹوں پر مشرق کی جانب پانی کی سطح سے قدرے اوپر نشان لگانے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ پنیری کی جڑوں کو گیلی یاخشک مٹی بھی لگانی چاہیے تاکہ پودوں کی جڑوں کی گرفت مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کا فیلڈسٹاف بھی ان کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہے۔