ریونیو

ریونیو میں اضافے سے ملک میں ترقی کے نئے دورکا آغاز ہوگا،میاں زاہد حسین

کراچی (عکس آن لائن) آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کے لئے ٹیکس آمدن میں ایک کھرب روپے کا اضافہ ایک چیلنج ہوگا۔ کاروباری برادری کے بھرپورتعاون سے وزیرخزانہ موجودہ ٹیکس گزاروں اور عوام پر بوجھ بڑھائے بغیر ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافہ اور معیشت کے سائز میں اضافہ کرکے ریونیو میں ایک کھرب روپے کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئے توملکی ترقی کے نئے دورکا آغاز ہو گا۔ اس سلسلہ میں ایز آف ڈوئنگ بزنس اور کاروباری لاگت میں کمی کر کے زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا ہوا ہے کہ ایف بی آر کے محاصل کو 4.69 کھرب روپے سے بڑھا کر 5.96 کھرب روپے تک پہنچایا جائے گا، آمدنی میں اضافہ کے لئے ٹیکس کے نظام کو متوازن بنانا، ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کو ممکنہ حد تک کم کرنا، ڈائریکٹ ٹیکس کو ترجیح دینا، تمام شراکت داروں کواعتماد میں لینا، ٹیکس کے نظام کو عام فہم بنانااوربااثرشخصیات اور شعبوں کودی جانے والی ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں پرجرمانہ عائد کرنے کے بجائے انھیں جیل میں ڈالنے کے فیصلے پر دوبارہ غورکیا جائے کیونکہ حکومتی عملہ اس کا ناجائز استعمال کر سکتا ہے جس سے کاروباری برادری ہراساں ہوگی اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں مذید کمی کا احتمال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں