ریاض اجلاس

ریاض اجلاس،دو ریاستی حل کیلئے ناقابل واپسی اقدامات کا مطالبہ

ریاض(عکس آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کے لیے ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا جس میں قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان،

اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفدی، مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری، فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سکریٹری شہری امور حسین الشیخ نے شرکت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تمام وزرا نے غزہ کی پٹی پر جنگ کے خاتمے، فوری اور مکمل جنگ بندی تک پہنچنے، بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور پٹی میں انسانی امداد کے داخلے میں رکاوٹ بننے والی تمام پابندیوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا ، اور زور دیا کہ وہ اپنے تمام حامیوں سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے انسانی ہمدردی کے مشن کی حمایت میں اپنا کردار ادا کریں۔تمام رہنمائوں نے دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانے اور 4 جون 1967 کے خطوط پر مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے طور پر فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے ناقابل واپسی اقدامات کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا،

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غزہ کی پٹی مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے، اور تمام ممالک جبری نقل مکانی کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں