وزیراعظم

ریاست پہلے سیاست بعد میں،پاکستان کا استحکام اداروں کے ساتھ وابستہ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست پہلے سیاست بعد میں آتی ہے، ریاست کو کسی صورت کمزور نہیں پڑنے دیں گے، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سینٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، اس دوران ملکی تازہ سیاسی صورت حال سمیت آئینی اور قانون امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران وزیراعظم نے ایک بار پھر ریاستی اداروں کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا استحکام اداروں کے ساتھ وابستہ ہے، ملک کے ادارے مزید مستحکم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے ٹی سی سے لے کر سپریم کورٹ تک ہر جگہ خود پیش ہوا، ریاست پہلے سیاست بعد میں آتی ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔دریں اثنا بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا کا دھرنا اعلی عدلیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، مشروط اجازت صرف مارچ کیلئے تھی دھرنے کے لئے نہیں، مولانا کے مارچ کے باعث کشمیر کاز منظر عام سے غائب ہوگیا۔

بابراعوان نے کرتار پور راہداری کی بروقت تکمیل پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہوگا، دنیا بھر سے آنیوالے سکھ زائرین کو خوش آمدید کہنے کو تیار ہیں۔ملاقات میں معیشت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی، عمران خان نے بتایا کہ معاشی استحکام کیلئے کی جانے والی کوششیں رنگ لا رہی ہیں، کرنٹ اکانٹ خسارے میں 32 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تجارتی خسارے میں کمی اور برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے، مزید اقدامات جاری ہیں، چند ماہ میں مزید بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں