گورنر کی گرفتاری

روس میں ایک گورنر کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے

ماسکو(عکس آن لائن) روسی مشرقِ بعید کے شہر خباروسک میں ایک مقبول مقامی گورنر کی گرفتاری پر شروع ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں دوسرے ہفتے کے دوران بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

روسی نشریاتی ادارے کے مطابق خباروسک کے مقامی گورنر سرگئی فرگل کو رواں ماہ کے اوائل میں 15 سال سے زائد عرصہ قبل ہوئے ایک قتل میں ملوث ہونے کے شبے اور دیگر مقدمات کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فرگل نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔حزبِ اختلاف کی جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن فرگل 2018 میں گورنر منتخب ہوئے تھے، جس سے صدر ولادی میر پْوٹن کی حکمران جماعت کو جھٹکا لگا۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کے روز خباروسک میں تقریباً 20 ہزار افراد نے فرگل کی رہائی کے مطالبے کے لیے مظاہرہ کیا۔یہ احتجاجی مظاہرے مشرقِ بعید کے دیگر علاقوں اور سائبیریا تک پھیل گئے ہیں۔ مشرقِ بعید کے شہر ولادی ووستوک میں عوام نے صدر پْوٹن کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

یہ مظاہرے طویل عرصے سے برسراقتدار پْوٹن انتظامیہ کے خلاف عدم اطمینان کی عکاسی لگتے ہیں۔ مظاہرے میں شریک ایک خاتون نے کہا کہ جنگلات سے حاصل ہونے والی پیداوار، مچھلیاں اور سونا، ماسکو پہنچ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اِسے روکنے کا وقت ہے۔ حکومت کے خلاف بڑھتے ہوئے اشتعال کے پیش نظر سلامتی حکام نے نگرانی بڑھا دی ہے۔ ولادی ووستوک میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔آئندہ منعقد ہونے والی ریلیوں کی تفصیل سے متعلق سوشل میڈیا پر لگائی جانے والی کئی پوسٹس کو حذف کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں