روسی تیل کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کے بعد قیمتوں میں فرق آئیگا، مصدق ملک

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے کہ روسی تیل کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کے بعد قیمتوں میں فرق آئیگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہوجائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئیگا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا،

ہمارا ہدف ہے کہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتاسکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچیگا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہوجائے۔روسی تیل کی خریداری کے حوالے سے مصدق ملک نے کہا کہ اگر آپ معاہدوں کی پاسداری کریں اور شفافیت رکھیں تو عالمی سطح پر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا،

ہم نے کوشش کی ہے کہ عوام کیلئے سستا تیل لیکر آئیں۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ ہمارا روس کے ساتھ ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جو کہ دو جہازوں میں آنا تھا، ایک جہاز آچکا ہے جس کی ترسیل جلد شروع ہوجائے گی، دوسرا جہاز بھی ایک ہفتے میں پہنچ جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں