تجارتی خسارہ

رواں مالی سال کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 33 فیصد کمی

اسلام آباد (عکس آن لائن) رواں مالی سال کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 33 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران تجارتی خسارہ 9.67 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران تجارتی خسارہ کا حجم 14.44 ارب ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران تجارتی خسارہ میں 4.77 ارب ڈالر یعنی 33 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق درآمدات میں نمایاں کمی کی ساتھ ساتھ قومی برآمدات میں ہونے والا اضافہ بھی تجارتی خسارہ میں کمی کا ایک عنصر ہے اور جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران برآمدات میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم 9.545 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 9.109 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں