اسلام آباد(عکس آن لائن )رواں مالی سال کے دوران افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق موجودہ مالی سال کے دوران افغانستان کو 543.15ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 1.58فیصد زیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں افغانستان کو 534.65 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔گذشتہ مالی سال کے دوران افغانستان کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 1.192ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، سال 2017-18 میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.49ارب ڈالر تھا۔ برآمدات کے مقابلہ میں افغانستان سے درآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، مالی سال کے پہلے 6 مہینوں میں افغانستان سے 77.79ملین ڈالر کی درآمدات کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں افغانستان سے درآمدات پر 85.11ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔